Blog, Urooj Fatima

میرا نام عروج فاطمہ کپری ہے

تھر کی مزاحمتی آواز، سندھی چھوکری میرا نام عروج فاطمہ کپری ہے، لیکن زیادہ تر لوگ مجھے میرے فن سے جڑے نام “سندھی چھوکری” کے نام سے جانتے ہیں۔ میرا تعلق ضلع میرپور خاص، سندھ کے ایک چھوٹے سے گاؤں فضل محمد کپری سے ہے جہاں روز مرہ ضروریات کے بنیادی مسائل کا سامنا ہے — صاف پانی و میعاری تعلیم کی قلت کے ساتھ ساتھ ایسے بہت سے مسائل ہیں۔ اور اس سب سے بڑھ کر لڑکیوں کے خواب دیکھنے، جینے اور اپنے لیے آواز اٹھانے میں بہت رکاوٹیں ہیں۔ بچپن سے ہی میرے دل میں کئی سوال تھے: لڑکیوں کو ہمیشہ خاموش کیوں رہنے کو کہا جاتا ہے؟ لوگ ہمارے مسائل کو نظر انداز کیوں کرتے ہیں؟ جب ان سوالوں کے جواب مجھے کہیں اور سے نا ملے تو میں نے خود ان کی تلاش شروع کردی اور یہی سوال میری طاقت بن گئے، اور میں نے لکھنا اور اپنے دل کی بات کہنا شروع کیا۔ 2022 میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے میرے گاؤں کو تباہ کر دیا — ہمارا گھر، اسکول، پورا علاقہ، سب کچھ ختم ہو گیا۔ مگر اس نقصان کے لمحے میں مجھے کچھ ایسا حاصل ہوا جو نا صرف میری طاقت بنی ہے بلکہ کئی اور میری طرح کی لڑکیوں کی بھی, اور وہ تھی میری آواز! میں نے فیصلہ کیا کہ اب کبھی خاموش نہیں رہوں گی۔ تب میں نے ریپ کو اپنی آواز بنانے کا فیصلہ کیا، اور “سندھی چھوکری” کا جنم ہوا۔میری ریپ موسیقی صرف گیت نہیں، بلکہ میرے جذبات، سوالات، اور سچ بولنے کا ذریعہ ہے۔ ان میں میں خواتین کے حقوق، لڑکیوں کی تعلیم، ماحولیاتی تبدیلی، اور ناانصافی جیسے حقیقی مسائل کو اجاگر کرتی ہوں۔ اسی سال، میں نے شِرکت گاہ ویمنز ریسورس سینٹر کے زیرِ اہتمام “فیمینسٹ انسٹیٹیوٹ” کی تربیت میں شرکت کی۔ اس تربیت نے مجھے مزید علم اور اعتماد دیا۔ اس کے بعد میں نے مختلف دیہاتوں میں آگاہی سیشنز کا انعقاد شروع کیا — جن کے موضوعات میں حیض کی صحت، انسانی حقوق، خواتین کا بااختیار ہونا، اور ماحولیاتی انصاف شامل تھے۔ میں نے کئی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر اپنے علاقے میں بہتری لانے کے لیے کام شروع کیا۔ اپنے بھائی محمد کپری المعروف “ٹاکسک صوفی” کے ساتھ مل کر میں نے پھنجی گینگ(یہ سندھی زبان کی اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے: اپنی /اپنا گینگ) کی بنیاد رکھی — یہ ایک میوزک گروپ اور تخلیقی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد دیہی علاقوں کے نوجوان فنکاروں کی مدد اور رہنمائی کرنا ہے، تاکہ وہ بھی فن کے ذریعے اپنی کہانی سنا سکیں اور اپنی آواز بلند کر سکیں۔ پھنجی گینگ کے ذریعے ہم نے لاہوتی میلہ جیسے بڑے ثقافتی پروگراموں میں پرفارم کیا اور اپنا میوزک آن لائن شیئر کیا۔ لوگ ہمارے گیتوں سے جُڑتے ہیں کیونکہ وہ حقیقی تجربات پر مبنی ہوتے ہیں۔ میرا ایک معروف و مشہور گیت جس میں عزم و ہمت جھلکتی ہے”بول اُٹھو” ہے، جس کا مطلب ہے “آواز بلند کرو”۔ یہ گانا شِرکت گاہ کی مدد سے تیار ہوا اور ایک نسوانی ترانہ بن گیا۔ یہ لڑکیوں اور عورتوں کو خاموشی توڑنے اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی دعوت دیتا ہے۔ اس کا پیغام ہے کہ اگر ہم نہیں بولیں گے تو کوئی نہیں سنے گا، لیکن اگر ہم بولیں گے تو ہماری آواز سب کچھ بدل سکتی ہے۔ یہ گانا سوشل میڈیا پر شیئر ہوا اور کئی خواتین کے پروگراموں میں بجایا گیا۔ بہت سی نوجوان لڑکیوں نے مجھ سے کہا کہ اس گانے نے انہیں امید اور حوصلہ دیا۔ آج میں یقین سے کہتی ہوں کہ تھر کی ہر لڑکی، بلکہ پاکستان بھر کی ہر لڑکی کو بولنے، خواب دیکھنے، اور قیادت کرنے کا حق حاصل ہے۔ سندھی چھوکری صرف ایک نام نہیں، بلکہ ایک پیغام ہے — کہ گاؤں کی لڑکیاں بھی اُٹھ سکتی ہیں، کہ ہماری زبان اور ثقافت طاقتور ہیں، اور یہ کہ فن مزاحمت اور تبدیلی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ یہ صرف میری کہانی نہیں، بلکہ ہر اُس لڑکی کی کہانی ہے جو خاموشی توڑنا چاہتی ہے اور حق کا ساتھ دینا چاہتی ہے۔ میرا یہ عزم ہے کہ میں اپنے فن کے ذریعے ایسے ہی ہزراوں ایسی لڑکیوں کی آواز بن کر ان کو اپنی آواز تلاش کرنے کے لیے متحرک رہوں گی جب تک تھر کی یہ مزاحمتی آواز انقلاب میں نہیں بدل جاتی! Leave a Reply Cancel Reply Logged in as admin. Edit your profile. Log out? Required fields are marked * Message*